ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ مکمل، دوسرا سیشن 8مارچ سے شروع ہوگا

پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ مکمل، دوسرا سیشن 8مارچ سے شروع ہوگا

Sun, 14 Feb 2021 09:36:00    S.O. News Service

نئی دہلی،14؍؍فروری(ایس او نیوز؍ایجنسی)29 جنوری سے شروع ہونے والے لوک سبھا کے بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ ہفتہ کو مکمل ہوا اور اب بجٹ اجلاس کا دوسرا حصہ 8 مارچ سے شروع ہوگا۔ وزیر خزانہ کے بجٹ پر ردعمل ، جموں و کشمیر تشکیل نو (ترمیمی) بل کی منظوری اور عوامی اہمیت کے اموراٹھائے جانے کے بعد ایوان زیریں کااجلاس ملتوی کردیا گیا۔

لوک سبھااسپیکر اوم برلانے کہاہے کہ ایوان 8 مارچ ، پیر کوچار بجے تک ملتوی ہے۔ بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ 8 مارچ کو شروع ہوگا اور پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق 8 اپریل تک چلے گا۔لوک سبھا میں بجٹ اجلاس کے پہلے حصے میں صدرکے خطاب پر شکریہ کے ووٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا اوروزیر اعظم نریندر مودی نے اس کا جواب دیا۔

اس کے علاوہ مالی سال 2021-22 کے بجٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور ہفتے کے روز وزیر خزانہ نرملاسیتارمن نے جواب دیا۔ایوان نے میجر پورٹس اتھارٹی بل 2020 ، ثالثی اور مفاہمت ترمیمی بل 2021 اور جموں و کشمیرتشکیل نو(ترمیمی) بل 2021 منظور کیا۔ تاہم بجٹ اجلاس کے پہلے حصے میں ، ابتدائی ہفتہ میں ، تین نئے زرعی قوانین کے بارے میں کانگریس ، ڈی ایم کے سمیت اپوزیشن جماعتوں کے ہنگامے کی وجہ سے کام درہم برہم ہوا۔پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ، لوک سبھا میں بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ 15 فروری کو مکمل ہونا تھا ، لیکن لوک سبھاکے اسپیکر نے ایوان میں اعلان کیا تھاکہ اس کا فیصلہ قائدین کے مابین اتفاق رائے کی بنیاد پرکیاگیاہے۔


Share: